اسلام آباد میں 6 مویشی منڈیاں 35 کروڑ میں نیلام، کیش لیس نظام متعارف۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) عیدالاضحیٰ کی تیاریاں جاری ہیں، اسلام آباد میں 6 عارضی مویشی منڈیاں تقریباً 35 کروڑ روپے میں نیلام کی گئی ہیں۔ اس بار منڈیوں میں کیش لیس نظام بھی متعارف کرایا گیا۔
سی ڈی اے کے مطابق سیکٹر آئی ٹویلو کی منڈی 20 کروڑ روپے میں نیلام ہوئی۔ سنگجانی منڈی 6 کروڑ 25 لاکھ اور ضیاء مسجد منڈی 5 کروڑ روپے میں دی گئی ہے۔ سلطانہ فاؤنڈیشن کی منڈی ڈھائی کروڑ، جاپان روڈ منڈی 62 لاکھ، اور بھارہ کہو منڈی 61 لاکھ روپے میں نیلام کی گئی۔
حکام کے مطابق، نیلامی کی مجموعی رقم میں گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 120 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ نیلامی کے عمل میں 104 بولی دہندگان نے حصہ لیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس بار مویشی منڈیوں میں پہلی مرتبہ کیش لیس نظام نافذ کیا گیا ہے، جس کا مقصد شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانا ہے۔ غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ پچھلے سال بھی عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیوں کی نیلامی کی گئی تھی، لیکن اس بار کیش لیس نظام کے ذریعے شفافیت میں اضافہ ہوا ہے۔














