امریکا نے ایران کو اسلحہ فراہم کرنے والے نیٹ ورک پر پابندیاں عائد کر دیں، 14 افراد اور کمپنیاں بلیک لسٹ۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکا نے ایران کو اسلحہ فراہم کرنے والے نیٹ ورک کے خلاف نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ نے 14 افراد اور کمپنیوں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ پابندیاں ایران کے اسلحہ نیٹ ورک کو نشانہ بنانے کے لیے عائد کی گئی ہیں، جو مختلف ذرائع سے ہتھیار فراہم کر رہا تھا۔
محکمہ خزانہ کے بیان کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ایران کی عسکری صلاحیتوں کو محدود کرنا اور اسلحہ کی ترسیل کے نظام کو کمزور کرنا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق پابندیوں کی زد میں آنے والے اہداف میں ایرانی طیارے بھی شامل ہیں، جبکہ اس نیٹ ورک سے جڑے عناصر ترکیہ اور امارات سمیت مختلف ممالک میں موجود ہیں، جنہیں بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ نئی پابندیاں خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں لگائی گئی ہیں، اور اس سے امریکا اور ایران کے درمیان تعلقات مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ ہے۔













