برطانیہ نے 2008 کے بعد پیدا ہونے والے افراد پر سگریٹ خریدنے پر پابندی عائد کردی، یہ ‘ٹوبیکو اینڈ ویپس بل’ کے تحت ہوگا۔
لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) برطانیہ نے تمباکو نوشی سے پاک نسل کی مہم میں 31 دسمبر 2008 کے بعد پیدا ہونے والے بچوں پر سگریٹ خریدنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق یہ پابندی ‘ٹوبیکو اینڈ ویپس بل’ کے تحت عائد کی گئی ہے، جو پارلیمان کے دونوں ایوانوں سے منظور ہو چکا ہے اور جلد شاہ چارلس کی منظوری کے بعد نافذ ہوگا۔ اس قانون کے تحت 17 سال یا اس سے کم عمر افراد کے لیے سگریٹ خریدنا ہمیشہ کے لیے غیر قانونی ہو جائے گا۔
قانون کے مطابق دکانوں کو ان افراد کو تمباکو فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مزید برآں، بچوں کے ساتھ گاڑی میں، کھیل کے میدانوں، اسکولوں اور اسپتالوں کے باہر ویپ پینا بھی ممنوع ہوگی۔
تاہم، گھروں اور کھلے نجی مقامات پر ویپنگ کی اجازت برقرار رہے گی۔ برطانیہ کے وزیر صحت نے اس اقدام کو تاریخی قدم قرار دیا ہے، جس سے صحت کے نظام پر دباؤ کم ہوگا اور جانیں بچائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ وزارت صحت نے اس قانون کو صحت عامہ کے لیے بڑا اقدام قرار دیا ہے، کیونکہ تمباکو نوشی برطانیہ میں قابلِ روک تھام اموات اور بیماریوں کی بڑی وجہ سمجھی جاتی ہے۔













