مریم نواز نے عالمی یومِ تخلیق و جدت پر کہا کہ دنیا کو بدلنے کے لیے بڑے وسائل نہیں بلکہ بڑے خیالات درکار ہیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ دنیا کو بدلنے کے لیے بڑے وسائل نہیں بلکہ بڑے خیالات کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ بیان انہوں نے عالمی یومِ تخلیق و جدت کے موقع پر دیا۔
مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن کا مقصد ہماری سوچ کو وسیع کرنا اور نئے خیالات اپنانے کا عہد کرنا ہے۔ انہوں نے انسانی ترقی، مسائل کے حل اور بہتر مستقبل کے لیے تخلیقی سوچ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتیں اور جدت پسند امنگیں معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ٹیکنالوجی اور جدت کا استعمال ترقیاتی کاموں میں وقت کی ضرورت ہے۔
مزید کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ پاکستان میں نوجوان ای کامرس اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے میدان میں نمایاں پیش رفت کر رہے ہیں۔ حکومت پنجاب صوبے میں آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ لاہور میں پنجاب کی تاریخ کا پہلا نواز شریف آئی ٹی سٹی قائم کیا جا رہا ہے، جبکہ گوگل کے تعاون سے مفت سرٹیفکیشن کورسز کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹ کلچر کو جدید بنانے کے لیے الیکٹرک بسوں کا اجرا بھی کیا جا رہا ہے۔















