پاکستان نے پاک ایران سرحد پر ‘گبد بارڈر ٹرمینل’ کو فعال کر دیا، ایران کے ذریعے وسط ایشیا تک رسائی ممکن ہو گئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان نے اپنی علاقائی تجارت کو وسعت دینے کے لیے پاک ایران سرحد پر واقع ‘گبد بارڈر ٹرمینل’ کو بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ (ٹی آئی آر) سسٹم کے تحت فعال کر دیا ہے۔
اس پیش رفت کا اہم پہلو یہ ہے کہ پاکستان، افغانستان کے راستے پر انحصار کیے بغیر ایران کے ذریعے وسطی ایشیائی ریاستوں تک رسائی حاصل کر سکے گا۔ یہ نہ صرف مختصر راستہ ہے بلکہ زیادہ محفوظ اور جدید متبادل بھی ہے۔
نئے تجارتی راستے کے ذریعے کراچی سے تاشقند (ازبکستان) کے لیے گوشت کے کنٹینرز روانہ کیے گئے ہیں۔ کسٹمز کی کارروائی کے بعد یہ کنٹینرز ایران کے راستے اپنی منزل کی جانب گامزن ہیں۔
یہ تجارتی راہداری نیشنل لاجسٹک کارپوریشن (این ایل سی) کی جانب سے فعال کی گئی ہے۔ اس اقدام سے پاکستان کی برآمدات کو فروغ ملے گا اور تجارتی رکاوٹیں کم ہوں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال افغانستان کے ساتھ سرحدی تنازعات کی وجہ سے پاکستانی برآمد کنندگان کو مشکلات کا سامنا تھا۔ ایران کے ذریعے متبادل راستہ بنانا پاکستان کی معاشی ضرورت بن گیا تھا۔















