بلوچستان میں گندم کاشتکاروں کے لیے تھریشر فیول سبسڈی سکیم کا آغاز کر دیا گیا۔ 3102 کسانوں کو سبسڈی منتقل، مزید 13128 کو ادائیگیاں جلد ہوں گی۔
کوئٹہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بلوچستان میں گندم کے کاشتکاروں کے لیے تھریشر فیول سبسڈی سکیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں 3102 کسانوں کے اکاؤنٹس میں سبسڈی منتقل کر دی گئی ہے۔ آئندہ 2 سے 3 روز میں مزید 13128 کاشتکاروں کو ادائیگیاں کی جائیں گی۔ صوبے میں 85 ہزار سے زائد کسان رجسٹرڈ جبکہ 74 ہزار سے زائد کی تصدیق مکمل ہو چکی ہے۔
سرفراز بگٹی نے بتایا کہ چھوٹے زمینداروں اور کسانوں کو ترجیحی بنیادوں پر مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ فیول سبسڈی کے ذریعے تھریشر اخراجات میں کمی ہو گی جس سے کاشتکاروں پر اضافی مالی بوجھ کم ہو گا۔ تمام اہل چھوٹے کاشتکاروں کو مرحلہ وار سبسڈی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت بلوچستان مشکل معاشی حالات میں کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور زرعی پیداوار کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں زراعت کا شعبہ معاشی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس سبسڈی سکیم کا مقصد کسانوں کو مالی مشکلات سے نکالنا ہے۔















