کراچی میں پولیس نے ایرانی کرنسی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، 23.6 ارب ریال برآمد اور 9 ملزمان گرفتار۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی میں پولیس نے ایرانی کرنسی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران کروڑوں مالیت کی ایرانی کرنسی برآمد کی گئی اور 9 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔
پولیس کے مطابق، ملزمان کے قبضے سے 236 بنڈلز میں 23.6 ارب ایرانی ریال برآمد ہوئے ہیں۔ اس سے ایک بڑے اسمگلنگ نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے جس میں کئی افراد ملوث ہیں۔
حکام نے بتایا ہے کہ گرفتار افراد میں سی ٹی ڈی بلوچستان کا ایک اہلکار بھی شامل ہے جس کی اسناد کی تصدیق جاری ہے۔ دو گاڑیاں بھی تحویل میں لی گئی ہیں۔
ڈی آئی جی جنوبی اسد رضا نے اس کارروائی کو بین الصوبائی اسمگلنگ کے خلاف اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے اور اہم انکشافات متوقع ہیں۔
واضح رہے کہ کیس کو ایف آئی اے کے کمرشل بینکنگ سرکل کے حوالے کرنے کی سفارش کی گئی ہے اور مزید تحقیقات کے لیے کیس ایف آئی اے کو منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔















