زمبابوے کیخلاف ہوم سیریز پاکستان ویمن ٹیم کیلئے اہم ہے۔ وہاب ریاض

وہاب ریاض نے زمبابوے کے خلاف سیریز کو پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے اہم قرار دیا ہے، جو آئی سی سی چیمپئین شپ کا حصہ ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
وہاب ریاض، زمبابوے کے خلاف سیریز پاکستان ویمن کرکٹ کے لیے اہم

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض نے کہا ہے کہ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے بڑی اہم ہے۔ انہوں نے لاہور میں ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ویمن ٹی 20 لیگ کی ضرورت پر زور دیا۔

وہاب ریاض نے کہا کہ کھلاڑیوں کو لیگ کے لیے بیرون ملک جانے کا بھی موقع ملنا چاہیے۔ اس سے ویمن کرکٹرز کی سیکھنے کی صلاحیت بڑھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ زمبابوے کے خلاف سیریز آئی سی سی چیمپئین شپ کا حصہ ہے، جس سے رینکنگ پوائنٹس ملیں گے، جبکہ ٹی 20 سیریز ورلڈ کپ کی تیاری میں مددگار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سخت گروپ کے بارے میں فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں، بلکہ اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھنا چاہیے۔ ٹی 20 فارمیٹ میں کوئی بھی ٹیم کسی کو بھی ہرا سکتی ہے۔

وہاب ریاض نے کہا کہ ویمن کرکٹرز کی فٹنس اور فیلڈنگ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ پہلے کراچی اور پھر لاہور میں کیمپس لگا کر کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بہتری لائی گئی ہے۔ ذہنی مضبوطی اور کھیل کی آگاہی پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ زمبابوے ویمن کرکٹ ٹیم پہلی بار پاکستان کا دورہ کر رہی ہے، اور سیریز کا پہلا ون ڈے میچ 4 مئی کو کھیلا جائے گا۔

دیگر متعلقہ خبریں