اسلام آباد خودکش حملہ کیس میں درزی گرفتار، جیکٹ پشاور میں تیار ہوئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) انٹیلی جنس اداروں نے اسلام آباد خودکش حملہ کیس کی تحقیقات میں ایک درزی کو گرفتار کر لیا ہے۔ درزی نے اعتراف کیا کہ حملہ آور نے خودکش جیکٹ کچھ دن اس کے پاس رکھی تھی، اور وہ جانتا تھا کہ یہ جیکٹ بارود سے بھری ہوئی ہے۔ جیکٹ پشاور میں تیار کی گئی تھی اور بارودی مواد بھی وہیں پہنچایا گیا۔ ملزم نے اس جیکٹ کو پشاور سے گڑ کی بوری میں چھپا کر اسلام آباد منتقل کیا اور تین دن تک درخت کے نیچے چھپائے رکھا۔
مرکزی سہولت کار نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ اس کا رابطہ خوارجی تنظیم سے ہے اور مزید انکشافات کی توقع ہے۔ اس سے قبل، انٹیلی جنس بیورو ڈویژن اور سی ٹی ڈی نے جوڈیشل کمپلیکس حملے میں ملوث ٹی ٹی پی کے دہشت گرد سیل کے چار کارندوں کو گرفتار کیا تھا۔
خودکش حملہ آور کے ہینڈلر ساجد اللہ عرف شینا نے اعتراف کیا کہ حملے کی ہدایت ٹی ٹی پی کے کمانڈر سعید الرحمان عرف داد اللہ نے دی تھی۔ سعید الرحمان اس وقت افغانستان میں مقیم ہیں اور باجوڑ کے علاقے نواگئی کے لیے ٹی ٹی پی کا انٹیلی جنس چیف ہیں۔














