تھانہ گوجرخان میں شہری پر تشدد کے بعد کانسٹیبل احتشام کو راولپنڈی پولیس نے برطرف کر دیا۔ سی پی او نے سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناؤ نیوز) سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کی زیر قیادت راولپنڈی پولیس میں کڑا احتساب جاری ہے۔ تھانہ گوجرخان میں شہری پر تشدد کرنے والے کانسٹیبل احتشام کو محکمہ سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
کانسٹیبل نے تھانے میں دو فریقین کے معاملے میں ایک شخص کے چہرے پر جوتے مارے تھے۔ واقعے کی ویڈیو سامنے آنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے کانسٹیبل کو معطل کر دیا گیا تھا۔
سی پی او نے واقعہ کے بعد کانسٹیبل کو معطل کرنے کے ساتھ ساتھ اس پر چارج شیٹ بھی جاری کی تھی۔ انکوائری کے بعد کانسٹیبل احتشام کو محکمہ سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے کہا کہ شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک یا تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسی شکایات پر سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پولیس میں احتساب کی یہ کارروائی شہریوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے شروع کی گئی ہے۔ شہریوں پر تشدد یا ناروا سلوک کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔














