پی ٹی اے نے موبائل کمپنیوں کو 30 دن کی مہلت دیتے ہوئے سروس میں بہتری نہ کرنے پر سخت کارروائی کی وارننگ دی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل کمپنیوں کی غیر معیاری سروس پر کمر کس لی ہے۔ ادارے نے آپریٹرز کو خامیاں دور کرنے کے لئے 30 دن کی مہلت دی ہے۔
ملک بھر میں موبائل سروس کے معیار اور کوریج میں بہتری کے لئے پی ٹی اے نے اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ پی ٹی اے نے موبائل آپریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ 30 دن میں خامیوں کی نشاندہی کریں اور اصلاحی منصوبہ پیش کریں۔
پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ خامیاں دور نہ کرنے پر مزید سخت کارروائی کی جائے گی۔ دستاویزات کے مطابق گزشتہ چار برس میں موبائل کمپنیوں کو 3 ارب 41 کروڑ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ کوالٹی آف سروس اور کوریج کی خلاف ورزیوں پر 20 وارننگ لیٹرز اور 86 شوکاز نوٹسز بھی جاری کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ پی ٹی اے نے گزشتہ چند سالوں میں موبائل سروس کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ صارفین کو بہتر سہولیات میسر ہوں۔















