حکومت کا جولائی کے مہینے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں6 مرتبہ اضافہ، دو مرتبہ کمی

حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا، جس سے ٹرانسپورٹ اور اشیائے خورونوش کی لاگت بڑھنے کا خدشہ ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، ٹرانسپورٹ لاگت میں اضافہ متوقع

اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز)جولائی کے پہلے 24 دنوں کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، تاہم مجموعی رجحان اضافے کا رہا۔ اس عرصے میں پیٹرول کی قیمت میں 6 مرتبہ اضافہ اور 2 مرتبہ کمی کی گئی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 6 مرتبہ مہنگا اور صرف ایک مرتبہ سستا ہوا۔

3 جولائی کو پیٹرول کی قیمت 297 روپے 53 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 309 روپے 50 پیسے فی لیٹر تھا۔ 24 جولائی تک پیٹرول کی قیمت بڑھ کر 335 روپے 18 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق صرف 24 دنوں میں پیٹرول 37 روپے 65 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا۔ اسی عرصے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 73 روپے 96 پیسے فی لیٹر کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو پیٹرول کے مقابلے میں تقریباً دو گنا زیادہ ہے۔

3 جولائی کو حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمت میں 1 روپے 97 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی۔ اس کے بعد 10 جولائی کو پیٹرول 13 روپے 18 پیسے اور ڈیزل 13 روپے 80 پیسے، 17 جولائی کو پیٹرول 5 روپے 44 پیسے اور ڈیزل 31 روپے 5 پیسے، 20 جولائی کو پیٹرول 35 پیسے سستا جبکہ ڈیزل 5 روپے 71 پیسے مہنگا، 21 جولائی کو پیٹرول 4 روپے 93 پیسے اور ڈیزل 7 روپے 15 پیسے، 22 جولائی کو پیٹرول 6 روپے 39 پیسے اور ڈیزل 7 روپے 83 پیسے، 23 جولائی کو پیٹرول 4 روپے 40 پیسے اور ڈیزل 3 روپے 62 پیسے جبکہ 24 جولائی کو پیٹرول 3 روپے 66 پیسے اور ڈیزل 4 روپے 80 پیسے فی لیٹر مزید مہنگا کیا گیا۔

واضح رہے کہ جولائی کے دوران قیمتوں میں بار بار ردوبدل نے ٹرانسپورٹ، صنعت، زراعت اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی لاگت پر اضافی دباؤ ڈالا ہے۔ مسلسل بڑھتی ایندھن کی قیمتوں کے باعث مہنگائی میں مزید اضافے کے خدشات بھی سامنے آ رہے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں