خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں اور سیلاب نے 12 افراد کی جان لے لی۔ پی ڈی ایم اے نے مزید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پشاور: (رائیٹ ناؤ نیوز) خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی ہے۔ ان واقعات میں 12 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق خیبر کے لنڈی کوتل اور جمرود میں سیلاب سے 6 افراد جاں بحق ہوئے۔ افغان خاندان کی گاڑی بھی ریلے میں بہہ گئی۔
ریسکیو ٹیموں نے طورخم کے قریب 13 افراد کو بحفاظت نکالا، جبکہ جاں بحق 3 افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ پاک افغان شاہراہ پر پھنسی گاڑیاں بھی محفوظ مقام پر منتقل کر دی گئی ہیں۔
شدید بارشوں کے باعث وادی نیلم، مانسہرہ اور دیگر شہروں میں مکانات اور دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ وادی کاغان میں مڈ سلائیڈنگ سے راستے بند ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم اے نے شدید بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے، ممکنہ طور پر مزید بارشوں سے دریاؤں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔















