وزیراعظم شہباز شریف نے مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید نظام کا افتتاح کیا، جو حکومتی پالیسیوں کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنائے گا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم آفس میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی جدید ٹریکنگ اور فیصلہ سازی نظام کا افتتاح کیا ہے۔ اس نظام کا مقصد وزیراعظم کی ہدایات پر عملدرآمد، پیشرفت اور نگرانی کو بہتر بنانا ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ اب روایتی فائل نظام کی ضرورت نہیں، تمام وزارتیں اس جدید نظام کے تحت کام کریں۔ انہوں نے وفاقی وزراء احد خان چیمہ اور شزا فاطمہ خواجہ کی تعریف کی اور کہا کہ یہ نظام عوامی فلاح و بہبود کو یقینی بنائے گا۔
احد خان چیمہ نے کہا کہ یہ جدید نظام حکومتی فیصلوں میں شفافیت اور بروقت اقدامات کے لئے اہم ہے۔ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں فیصلہ سازی میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرانے نظام کی خامیوں کو دور کرنے کے لئے یہ نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ شزا فاطمہ نے بتایا کہ سماجی تحفظ کے پروگرام کو بھی ڈیجیٹائز کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم آفس کا یہ نظام پاکستان کا پہلا مصنوعی ذہانت سے چلنے والا نظام ہے، جو وزیراعظم کی ہدایات کی تکمیل کے بعد ان کی نگرانی تک کے امور کو خودکار بنائے گا۔















