پنجاب میں بارشوں سے گرمی کا زور ٹوٹا، لیکن نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناؤنیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں نے جل تھل ایک کر دیا۔ کئی نشیبی علاقے زیرِآب آگئے اور لوگوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں جس سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔
گوجرانوالہ میں تیز بارش کے باعث جی ٹی روڈ، سیالکوٹ روڈ اور گوندلانوالہ روڈ پر پانی کھڑا ہوگیا۔ ڈسکہ میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
حافظ آباد اور گردونواح میں مسلسل بارش سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوگئے۔ محکمہ موسمیات نے 24 جولائی تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جس کے باعث عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بیشتردریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ البتہ دریائے سندھ اور دریائے چناب میں نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔














