شیخ محمد حسین کی گرفتاری کے بعد مسجد اقصیٰ میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ فلسطینی حلقے فوری رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
القدس: (رائیٹ ناؤ نیوز) اسرائیلی فورسز نے جمعہ کی نماز کے بعد مسجد اقصیٰ کے خطیب اور فلسطین کے مفتیٔ اعظم شیخ محمد حسین کو حراست میں لے لیا۔ یہ گرفتاری مسجد کے احاطے میں ہوئی جہاں انہوں نے خطبہ دیا اور نماز کی امامت کی۔
فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق، شیخ محمد حسین کو اسرائیلی اہلکاروں نے گھیرے میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوا کہ انہیں کس الزام کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
اسرائیلی حکام کی جانب سے گرفتاری پر ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں ہوا جبکہ فلسطینی حلقے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مذہبی آزادیوں پر بڑھتی پابندیوں کا حصہ ہے، جو اسرائیلی حکام کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ مہینوں میں اسرائیلی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس پر فلسطینی قیادت اور انسانی حقوق کی تنظیمیں تشویش کا اظہار کر چکی ہیں۔














