وفاقی آئینی عدالت میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پی ٹی آئی رہائی فورس کے عدم وجود کی وضاحت کرتے ہوئے آئینی درخواست خارج کرنے کی استدعا کی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی آئینی عدالت میں پی ٹی آئی رہائی فورس کے معاملے پر جواب جمع کرادیا ہے۔ انہوں نے رہائی فورس کے عدم وجود کو ثابت کرتے ہوئے درخواست کو خارج کرنے کی استدعا کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے 8 صفحات پر مشتمل جواب میں واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی امن تحریک پرامن، غیر مسلح اور رضاکارانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہائی فورس کبھی قائم نہیں ہوئی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ آئینی درخواست غلط بیانی پر مبنی ہے اور سیاسی مقاصد کے تحت دائر کی گئی ہے۔ انہوں نے تحریک کو آئین کے آرٹیکلز 16، 17 اور 19 کا تحفظ حاصل ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
جواب میں کہا گیا ہے کہ امن عامہ کو خطرہ نہیں اور رہائی تحریک کو ماضی کی تنظیموں سے جوڑنا گمراہ کن ہے۔ عدالت سے درخواست خارج کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ عدالت نے سہیل آفریدی سے جواب طلب کیا تھا اور رہائی فورس کے خلاف درخواست انتیس جولائی کو سماعت کے لیے مقرر ہے۔












