لاہور کی عدالت نے غیر ملکی خواتین کے اغوا اور زیادتی کیس میں چار ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا، تفتیشی رپورٹ آئندہ سماعت پر طلب کی گئی۔
لاہور: (رائیٹ ناؤ نیوز) لاہور کی مقامی عدالت نے غیر ملکی خواتین کے اغوا اور زیادتی کے مقدمے میں گرفتار چار ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ عدالت نے تفتیشی سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کی ہے۔
پولیس کی درخواست پر لاہور کی کینٹ کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ اظہر محمود نے کیس کی سماعت کی۔ ملزمان کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے پولیس نے تفتیش کے لیے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے اقدام سے ملکی بدنامی ہوئی ہے اور ان پر غیر ملکی خواتین سے زیادتی اور اغوا کا الزام ہے۔ عدالت نے پولیس کی 14 روزہ ریمانڈ کی درخواست مسترد کر دی۔
عدالت نے کیس کی سماعت کے دوران پولیس کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ملزمان کو حوالے کرنے کا حکم دیا اور آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
یاد رہے کہ ملزمان پر تھانہ ڈیفنس پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ ملزمان میں رضا ڈار، حسن رضا، سکندر خان اور ساجد علی شامل ہیں۔















