وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر غیر ملکی خواتین بازیاب، ملزمان گرفتار

وزیراعلیٰ مریم نواز کے فوری نوٹس پر دو غیر ملکی خواتین بازیاب ہوئیں، پولیس نے دو گھنٹوں میں کارروائی مکمل کی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر غیر ملکی خواتین بازیاب، ملزمان گرفتار

لاہور: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فوری نوٹس پر دو غیر ملکی خواتین کو بازیاب کر لیا گیا۔ پولیس نے دو گھنٹوں کے اندر کارروائی کر کے خواتین کو اغواکاروں سے چھڑا لیا اور ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

خواتین ہالینڈ اور وینزویلا سے تعلق رکھتی ہیں اور پاکستان میں اپنے دوستوں سے ملنے آئی تھیں۔ ہالینڈ میں موجود ایک خاتون کے والد نے پاکستان میں ایمرجنسی 15 پر کال کر کے اغوا کی اطلاع دی۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے خواتین کو تاوان کے لیے اغوا کیا، 15 لاکھ ڈالر کا مطالبہ کیا اور زیادتی کا بھی الزام ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ پولیس نے فوری ریسکیو آپریشن کر کے خواتین کو بازیاب کرایا۔

ملزمان کے خلاف تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، دو ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ متاثرہ خواتین کا طبی معائنہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ذرائع نے پنجاب میں غیر ملکی خواتین کو بلا کر اغوا کرنے کے واقعات کا انکشاف کیا ہے، ایک بڑی سیاسی شخصیت کے نواسے کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں