کابل میں دھماکوں کے بعد خوفناک آگ بھڑک اٹھی، سیاہ دھویں کے بادل چھا گئے، طالبان حکام کا کوئی بیان نہیں۔
کابل: (رائیٹ ناؤ نیوز) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں زور دار دھماکوں کے بعد خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ شہر میں سیاہ دھویں کے بادل چھا گئے، اور ایمبولینسوں کو جائے حادثہ کی طرف جاتے دیکھا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، یہ دھماکہ کابل کے پروان سوہ علاقے میں ہوا، جو شہر کے چوتھے پولیس ڈسٹرکٹ میں واقع ہے۔ یہ ایک حساس علاقہ قرار دیا جاتا ہے۔
دھماکے کی نوعیت، وجہ اور ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں فوری طور پر کوئی سرکاری تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ طالبان حکام نے بھی تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دھماکے کے مقام سے اٹھتے ہوئے گھنے دھویں کے بادل دیکھے جا سکتے ہیں۔ کئی رہائشیوں نے بتایا کہ دھماکے کی آواز شہر کے مختلف حصوں میں بھی سنی گئی۔
واضح رہے کہ طالبان کے دوبارہ برسراقتدار آنے کے بعد سے افغانستان میں داعش خراسان ملکی سیکیورٹی اداروں اور سرکاری عمارتوں پر حملوں کی ذمہ داری قبول کرتی رہی ہے۔















