جنرل ڈین کین نے ایران کے خلاف ‘فتح’ کا لفظ استعمال کرنے سے گریز کیا، سینیٹ میں جنگی اخراجات پر سوالات اٹھائے گئے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناؤ نیوز) امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین کین نے ایران کے خلاف ‘فتح’ کا لفظ استعمال کرنے سے گریز کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جنگ میں ہار جیت کا فیصلہ سیاسی قیادت کرتی ہے۔
سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے سامنے سماعت کے دوران جنرل ڈین کین اور وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ کو ایران سے متعلق جنگی صورتحال پر سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔ کمیٹی نے جنگی اخراجات، مقاصد اور آبنائے ہرمز کو کھولنے کے منصوبے پر وضاحت طلب کی۔
کمیٹی ارکان نے جنگ کے بڑھتے اخراجات پر تشویش کا اظہار کیا اور اس کے مقاصد کی وضاحت مانگی۔ اسی دوران پینٹاگون کے چیف فنانشل آفیسر نے بتایا کہ ایران کے خلاف کارروائیوں پر 29 ارب ڈالر خرچ ہو چکے ہیں۔
وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے 1.5 ٹریلین ڈالر کے دفاعی بجٹ کا دفاع کرتے ہوئے اسے قومی سلامتی کے لیے ضروری قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ ملکی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے آبنائے ہرمز کی صورتحال تشویشناک ہے۔ امریکا نے ایران کے خلاف اقتصادی پابندیاں بھی عائد کر رکھی ہیں۔














