مون سون بارشوں کے باعث پاکستان میں شدید متاثر کن صورتحال، وزیراعظم کی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال پر ایک اہم اجلاس ہوا۔ اس دوران وزیراعظم نے تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پاکستان کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ موجودہ مون سون میں اب تک 110 اموات اور 360 لوگ زخمی ہوچکے ہیں۔ وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اور صوبائی حکومتوں کو باہمی رابطے مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ فلڈ کمیٹی ساری صورتحال کا جائزہ لے کر لائحہ عمل طے کرے۔ شمالی علاقوں میں گلاف اور طوفانی ریلوں کی پیشگی اطلاعات کا نظام فعال رکھا جائے۔
مون سون بارشوں کے باعث 796 مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 376 مویشی بھی پانی میں بہ گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ صورتحال میں بہتری کیلئے حکومت مختلف مدتی اقدامات پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کا ماحولیاتی خرابی میں حصہ بہت کم ہے مگر موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات پاکستان کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں۔ آئندہ دو روز میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور جنوبی سندھ میں بارشوں کا بڑا اسپیل متوقع ہے۔















