وزیراعظم شہباز شریف نے نئی آئل ریفائننگ پالیسی 2023 کی منظوری دی اور پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹیجک ریزروز بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹیجک ریزروز بڑھانے کی ہدایت کردی ہے۔ کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ریفائنریز ملک کی توانائی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کریں گی۔
شہباز شریف نے اوگرا کو اصلاحات متعارف کرانے کی ہدایت کی تاکہ مارکیٹ کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات سے توانائی میں مسابقت، شفافیت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
شرکاء کو بتایا گیا کہ ریفائنریز کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لئے ان کی اپ گریڈیشن ناگزیر ہے۔ وزیراعظم نے پالیسی کے مؤثر اور بروقت نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
واضح رہے کہ حکومت توانائی کے شعبے میں پائیدار اصلاحات اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔














