محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون بارشوں کے طاقتور سلسلے کی پیش گوئی کی ہے، جس سے اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں 28 جولائی سے 5 اگست تک مون سون بارشوں کے طاقتور سلسلے کی پیش گوئی کی ہے۔ کئی شہروں میں موسلادھار بارش، تیز ہواؤں، گرج چمک، اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی اور مری میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جس سے اربن فلڈنگ ہو سکتی ہے۔
لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں بھی بارش جاری رہے گی۔ پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
سندھ میں 31 جولائی سے 20 اگست تک بارشیں جاری رہنے کا امکان ہے۔ کراچی اور حیدرآباد میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا کہا گیا ہے۔















