وزارت خزانہ کی رپورٹ میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ سپلائی چین میں خلل مہنگائی کی بڑی وجہ قرار دی گئی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ وزارت خزانہ نے اپنی ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ میں مہنگائی کی شرح مزید بڑھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ اپریل میں مہنگائی 8 سے 9 فیصد رہنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، سپلائی چین میں خلل مہنگائی بڑھنے کی بڑی وجہ قرار دی گئی ہے۔ جیو پولیٹیکل غیر یقینی کے باوجود پاکستانی معیشت مستحکم ہے۔ لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں گروتھ برقرار ہے جبکہ آٹو سیکٹر میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
معاشی سرگرمی آئندہ مہینوں میں مضبوط رہنے کی امید ہے۔ مشرق وسطیٰ کی کشیدگی سے عالمی قیمتوں اور سپلائی میں خطرات برقرار ہیں، مگر ترسیلات زر اور آئی ٹی برآمدات سے بیرونی کھاتہ مستحکم ہے۔
حکومتی اقدامات منفی اثرات محدود کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ رپورٹ میں نان ٹیکس ریونیو میں 7.7 فیصد اضافہ اور سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلاتِ زر میں 8.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستانی معیشت کی مائیکرو اکنامک بنیادیں مضبوط ہیں اور معیشت درست سمت میں گامزن ہے، جبکہ حکومتی پالیسیاں معیشت کی بحالی میں معاون ہیں۔














