ایل این جی اور پانی کی دستیابی سے رات میں بجلی کا شارٹ فال ختم ہوگا، پاور ڈویژن۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ ایل این جی کی دستیابی اور پانی کا اخراج بڑھنے سے رات میں بجلی کا شارٹ فال ختم ہوگا۔ یہ اعلان 29 اپریل کی رات پیک اوقات میں بجلی کی صورتحال کے جائزے کے بعد کیا گیا۔
بیان کے مطابق گزشتہ روز پن بجلی کی پیداوار 6 ہزار میگاواٹ رہی جبکہ ملک میں پن بجلی کی مجموعی استعداد 11 ہزار 500 میگاواٹ ہے۔ مقامی گیس کی فراہمی سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔
پاور ڈویژن کے مطابق پن بجلی اور اضافی مقامی گیس کی دستیابی سے نیشنل گرڈ میں استحکام آیا اور مزید 100 میگاواٹ سنٹر لانے میں آسانی ہوئی۔ ملک کے جنوب سے مجموعی طور پر 500 میگاواٹ بجلی کی ترسیل ممکن ہوئی۔
ترجمان نے کہا کہ نقصانات والے فیڈرز پر اکنامک لوڈ مینجمنٹ کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں، مگر اس کا پیک اوقات میں لوڈ مینجمنٹ سے کوئی تعلق نہیں۔
واضح رہے کہ عالمی حالات کے باعث ایل این جی کی عدم دستیابی سے 4 ہزار 700 میگاواٹ کے پاور پلانٹس متاثر تھے، مگر دستیابی سے رات کا شارٹ فال ختم ہوگا۔














