آئی ایم ایف نے پاکستان کی گیس لیوی میں کمی کی تجویز سے مشروط اتفاق کیا ہے، جس سے صنعتی صارفین کے لیے گیس سستی ہونے کی امید ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کی گیس لیوی میں کمی کی تجویز سے مشروط اتفاق کیا ہے، جس سے صنعتی صارفین کے لیے گیس سستی ہونے کی امید ہے۔
ذرائع کے مطابق، اس تجویز کے نتیجے میں کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی میں 30 سے 60 فیصد تک کمی متوقع ہے۔ یہ فیصلہ صنعتی صارفین کے لیے گیس کی قیمت میں کمی کی تجویز سے اتفاق کرنے کے بعد کیا گیا۔
آئی ایم ایف نے نئے گیس لیوی فارمولے سے بھی اتفاق کیا ہے، جو وزارت توانائی نے تجویز کیا تھا۔ اس فارمولے کے تحت ٹیرف اب اوسط بنیاد پر مقرر ہوگا، جبکہ پہلے لیوی کو پیک آورز سے منسلک کیا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ لیوی میں کمی کی شرط یہ ہے کہ نیشنل گرڈ سے بجلی کی طلب کم نہ ہو۔ اگر طلب میں کمی ہوئی تو لیوی دوبارہ بڑھائی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ مہنگی بجلی کے باعث صنعتوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اس وقت کیپٹو پاور پلانٹس پر 1343 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو لیوی عائد ہے۔














