پی ایس او نے 2026 کے ابتدائی 9 ماہ میں 38.1 ارب روپے کا خالص منافع حاصل کیا، جو پچھلے سال کی نسبت کافی زیادہ ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان اسٹیٹ آئل نے مالی سال 2026 کے ابتدائی 9 ماہ میں 38.1 ارب روپے کا خالص منافع حاصل کیا ہے۔ یہ منافع گزشتہ سال کی اسی مدت کے 15.3 ارب روپے کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے۔
اس دوران پی ایس او کی فی حصص آمدنی 81.19 روپے تک بڑھ گئی جبکہ مجموعی فروخت 2.4 کھرب روپے رہی۔ گروپ کا مجموعی خالص منافع 39.4 ارب روپے رہا، جو اس کی ذیلی کمپنیوں کی بہترین کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے۔
مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں عالمی سطح پر شدید معاشی دباؤ رہا، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز کی بندش نے مسائل کو بڑھا دیا۔ اس بحران کے دوران تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور ترسیل میں رکاوٹیں آئیں۔
پی ایس او نے حکمت عملی سے ان رکاوٹوں کا مقابلہ کیا اور متبادل ذرائع کے ذریعے سپلائی چین کو برقرار رکھا، جس سے پاکستان کی توانائی سیکیورٹی یقینی بنائی گئی۔
واضح رہے کہ پی ایس او نے وائٹ آئل سیکٹر میں 42.6 فیصد مارکیٹ شیئر برقرار رکھا اور ایوی ایشن سیکٹر میں 99.2 فیصد شیئر کے ساتھ اپنی برتری قائم رکھی۔















