ایران نے امریکی صدر ٹرمپ کی جنگ بندی میں توسیع کی تجویز مسترد کر دی، مذاکرات سے انکار۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی میں یکطرفہ توسیع کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔ ایرانی حکام نے مذاکرات سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہارنے والا فریق شرائط نہیں طے کر سکتا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق، صدر ٹرمپ نے یکطرفہ طور پر جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کیا تھا، جسے ایران نے تسلیم نہیں کیا۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے مشیر مہدی محمدی نے کہا کہ ناکہ بندی کا تسلسل بمباری سے مختلف نہیں ہے اور اس کا جواب فوجی ردعمل کے ساتھ ہونا چاہیے۔
مہدی محمدی نے مزید کہا کہ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کا اعلان درحقیقت دباؤ بڑھانے کا اقدام ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو اس صورتحال میں ضروری اقدامات کرنے چاہییں اور ناکہ بندی کا جواب فوجی کارروائی کی صورت میں دیا جانا چاہیے۔
ایرانی حکام کے مطابق یہ صورتحال خطے میں کشیدگی بڑھا سکتی ہے۔ ایران اس اقدام کو سرپرائز حملے کے لیے وقت حاصل کرنے کی کوشش سمجھتا ہے اور اس کے مطابق ردعمل دینے کی تیاری کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہم سے ایرانی قیادت کی تجاویز آنے تک حملے روکنے کا کہا ہے۔ جنگ بندی میں توسیع ایران کی تجویز پیش ہونے تک جاری رہے گی۔













