ٹک ٹاکر ایمان پر سالگرہ تقریب میں تلخ کلامی کے بعد تشدد کیا گیا، ملزمان مفرور
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) تھانہ نصیر آباد اور لوہی بھیر کے حدود میں ٹک ٹاکر ایمان پر تشدد اور بال کاٹنے کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ ایک سالگرہ کی تقریب کے دوران ہوا جہاں معمولی بحث نے سنگین رخ اختیار کر لیا۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ایمان نے تقریب میں نظار خان عرف ارمان خان کے شادی شدہ ہونے کے باوجود کسی دوسری لڑکی سے تعلقات کا ذکر کیا، جس پر موجود نظار خان کی اہلیہ نے تلخ کلامی کی۔ نتیجتاً، نظار خان اور دیگر نے ایمان پر تشدد کیا، اس کے بال کاٹے اور ویڈیو بنائی۔
پولیس نے ایف آئی آر میں چار ملزمان نظار خان، انیس خان، جلیل عرف مٹھو اور جبار خان کو نامزد کیا ہے جو تاحال مفرور ہیں، جبکہ انیس کے خیبر پختونخوا فرار ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر تنویر سپرا نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چار خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں، اور پولیس کو تین افراد کی تفتیش میں مدد ملی ہے۔ موبائل فونز کا ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے متعلقہ ادارے سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ تھانہ نصیر آباد میں درج کیا گیا ہے اور واقعے کے وقت ثنا نامی لڑکی سمیت چار لڑکیاں اور لڑکے موجود تھے جن کی تلاش جاری ہے۔















