کمپٹیشن کمیشن اور ڈریپ نے فارماسیوٹیکل مارکیٹ کی نگرانی اور ادویات کی دستیابی کیلئے معاہدہ کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مقامی فارماسیوٹیکل مارکیٹ کی نگرانی اور ضروری ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے کمپٹیشن کمیشن اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے ہیں۔
اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے معلومات اور ڈیٹا کا تبادلہ کریں گے، جبکہ فارماسیوٹیکل مارکیٹ کی موثر نگرانی اور پالیسی ریسرچ پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
کمپٹیشن کمیشن اور ڈریپ دواؤں کی قیمتوں اور دستیابی پر مؤثر نگرانی کا فریم ورک تشکیل دیں گے، اور گمراہ کن اشتہارات اور کارٹلائزیشن کی مشترکہ نگرانی کریں گے۔
ممبر سی سی پی سلمان امین نے کہا کہ آن لائن گمراہ کن مارکیٹنگ روکنے کے لیے تعاون ضروری ہے اور ضروری ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔
ڈریپ کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبیداللہ نے کہا کہ فارماسیوٹیکل سیکٹر میں قیمتوں کو ڈیریگولیٹ کیا جا چکا ہے، تاہم مارکیٹ کے اصولوں کی پاسداری اور سپلائی کے چیلنجز کی مشترکہ نگرانی ضروری ہے۔















