کوئٹہ میں پانی کا بحران شدید، ٹینکر مافیا کی من مانی عروج پر

کوئٹہ میں پانی کی فراہمی کا بحران سنگین ہو گیا، ٹینکر مافیا من مانی قیمتیں وصول کر رہا ہے۔ شہریوں نے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
کوئٹہ میں پانی کا بحران شدید، ٹینکر مافیا کی من مانی عروج پر

کوئٹہ: (رائیٹ ناؤنیوز) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ زیرِ زمین پانی کی سطح خطرناک حد تک نیچی ہو چکی ہے، اور واسا کی فراہمی مکمل یا جزوی طور پر بند ہو چکی ہے۔ ٹینکر مافیا شہریوں کی مجبوری سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔

شدید گرمی میں شہر کے مختلف علاقوں میں لوگ میلوں دور سے پانی لانے پر مجبور ہیں۔ سمنگلی روڈ، جناح ٹاؤن سمیت کئی علاقوں میں بزرگ، خواتین اور بچے متاثر ہو رہے ہیں۔ کئی گھروں میں چھ ماہ سے پانی نہیں آیا، جس سے شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے۔

واسا کی سپلائی متاثر ہونے کے بعد شہری نجی ٹینکرز پر انحصار کر رہے ہیں، جہاں انہیں 3 سے 7 ہزار روپے فی ٹینکر دینا پڑ رہا ہے۔ متعلقہ حکام کی یقین دہانیوں کے باوجود مسئلہ حل نہیں ہوا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کوئی سرکاری ریٹ لسٹ موجود نہیں ہے۔

واسا حکام کے مطابق کوئٹہ کو روزانہ 5 کروڑ گیلن پانی درکار ہے، جبکہ ادارہ صرف 3 کروڑ گیلن فراہم کر رہا ہے۔ واسا کے 417 ٹیوب ویلز میں سے 50 خراب ہیں، جس سے بحران مزید بگڑ گیا ہے۔ غیر قانونی ٹیوب ویلز اور بارشوں کی کمی بنیادی وجوہات ہیں۔

یاد رہے کہ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ فوری اقدامات نہ کیے گئے تو چند برسوں میں کوئٹہ کو شدید آبی ایمرجنسی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ شہریوں نے حکومت سے فوری نوٹس اور ٹینکر مافیا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں