اسلام آباد کی عدالت نے جمیل فاروقی کی اہلیہ عائشہ مسرت کو بازیاب کرا لیا، شوہر پر تشدد کا الزام عائد۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے حکم پر اینکر جمیل فاروقی کی اہلیہ عائشہ مسرت کو بازیاب کر لیا گیا۔ عائشہ نے اپنے شوہر پر حبس بے جا میں رکھنے اور تشدد کا الزام عائد کیا ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج عرفان اکرم کی ہدایت پر پولیس نے عائشہ مسرت کو اسلام آباد تھانہ گولڑہ کی حدود سے بازیاب کیا۔ والدین کی درخواست پر عدالت نے خاتون کی بازیابی کا حکم دیا تھا، جس پر فوری عمل درآمد کیا گیا۔
عائشہ مسرت نے عدالت میں بیان دیا کہ وہ دو ماہ سے اپنے شوہر کے ساتھ رہ رہی تھیں اور والدین سے ملنے کی اجازت نہیں تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جمیل فاروقی انہیں مستقل طور پر تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔
عدالت نے خاتون کے بیان کو سن کر فیصلہ دیا کہ عائشہ مسرت اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہیں اور اپنے والدین کے ساتھ جا سکتی ہیں۔ عدالت نے حبس بے جا کی درخواست کو نمٹا دیا۔
واضح رہے کہ عائشہ مسرت کے والدین نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ ان کی بیٹی کو شوہر کے حبس سے بازیاب کرایا جائے۔















