پاکستان میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا، کراچی سمیت مختلف شہروں میں طویل لوڈشیڈنگ جاری۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ملک بھر میں گرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔
ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے، جس سے مختلف شہروں میں طویل غیر اعلانیہ بجلی بندش جاری ہے۔ کراچی کے کئی علاقوں میں 10 گھنٹے تک بجلی غائب ہے، جبکہ راولپنڈی میں بھی 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ پر عوام کو تکلیف پر معذرت خواہ ہیں اور گزشتہ رات سے آج رات تک بجلی فراہمی بہتر ہو جائے گی۔ اسلام آباد میں بھی 6 گھنٹے اور لاہور میں 5 سے 6 گھنٹے تک بجلی نہیں تھی۔
پشاور کے شہری علاقوں میں 6 گھنٹے اور نواحی علاقوں میں 14 گھنٹے تک بجلی بند رہی۔ وزارتِ توانائی نے صنعتوں کو بھی لوڈشیڈنگ میں شامل کرلیا ہے اور بند پاور پلانٹس دوبارہ چلانے پر غور ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ گرمی کے موسم میں بجلی کی طلب بڑھ جاتی ہے جس سے شارٹ فال میں اضافہ ہوتا ہے، اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے حکومت نے اقدامات کیے ہیں۔















