بلوچستان میں دسمبر میں شدید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی

بلوچستان میں دسمبر کے دوران شدید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی، مغربی ہواؤں کا سلسلہ 6 سے 10 دسمبر کے دوران داخل ہوگا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

کوئٹہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے خشک سالی کے شکار علاقوں کے لیے بڑی خوشخبری سنائی ہے۔ دسمبر میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ 6 سے 10 دسمبر کے دوران بلوچستان میں داخل ہوگا، جس کے بعد بارشوں کا پہلا بھرپور اور طویل مرحلہ شروع ہوگا۔ یہ سلسلہ وقفے وقفے سے پورے مہینے جاری رہنے کی توقع ہے۔

بارش سے ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، سبی، لسبیلہ، آواران، کیچ، گوادر، پنجگور، خضدار، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، واشک اور مستونگ سمیت بڑے قحط زدہ اضلاع میں نمایاں بہتری آئے گی۔ کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری کا بھی امکان ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سال شمال مغربی ہوائیں معمول سے زیادہ فعال ہیں، جبکہ عرب سمندر سے آنے والی نمی بلوچستان کی جانب مسلسل رخ کر رہی ہے۔ انہی موسمی عوامل کے باعث بارشوں کا یہ سلسلہ نہ صرف طویل بلکہ زیر زمین پانی اور ڈیموں کے ذخائر میں خوشگوار اضافے کا سبب بھی بنے گا۔

دیگر متعلقہ خبریں