چین کے پانچ سالہ بچے نے ریسنگ لائسنس حاصل کر لیا

چین کے پانچ سالہ شاؤ زی یان نے ریسنگ لائسنس حاصل کر کے کم عمری میں حیران کن کامیابی حاصل کی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
چین کے پانچ سالہ بچے نے ریسنگ لائسنس حاصل کر لیا

بیجنگ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چین کے پانچ سالہ بچے شاؤ زی یان نے موٹر اسپورٹس کی دنیا میں کم عمری میں پیشہ ورانہ ریسنگ ڈرائیور کا لائسنس حاصل کر کے شائقین کو حیران کر دیا ہے۔ شاؤ زی یان کو چین کا کم عمر ترین لائسنس یافتہ ریسنگ ڈرائیور قرار دیا جا رہا ہے۔

شاؤ زی یان کی دلچسپی کار ریسنگ میں بہت چھوٹی عمر سے ظاہر ہوئی۔ وہ تقریباً ایک سال کی عمر میں ریسنگ سمیولیٹر گیمز کھیلنے لگے تھے، جس سے انہیں گاڑی چلانے کی بنیادی سمجھ حاصل ہوئی۔ بعد ازاں، دو سال اور آٹھ ماہ کی عمر میں گو کارٹس چلانا شروع کیا اور چار سال کی عمر تک پہنچتے پہنچتے باقاعدہ ریسنگ مقابلوں میں حصہ لینے لگے۔

2023 کی چائنا ریلی اسپرنٹ چیمپئن شپ میں انہوں نے ”ہوپ اسٹار ایوارڈ“ حاصل کیا۔ آن لائن ریسنگ سمیولیٹر مقابلوں میں بھی شاؤ نے نمایاں کارکردگی دکھائی اور عالمی سطح پر 27ویں پوزیشن حاصل کی۔

شاؤ کے والد نے ان کے لیے خصوصی ریلی کار تیار کروائی۔ 9 اپریل 2023 کو شاؤ نے رَن ریسنگ ڈرائیونگ اکیڈمی سے ٹریننگ سرٹیفکیٹ حاصل کیا، جسے چین آٹوموبائل اینڈ موٹر سائیکل فیڈریشن کی منظوری حاصل ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شاؤ کی تربیت پر ان کے والد نے آٹھ لاکھ یوآن خرچ کیے، جن میں جدید ریسنگ سمیولیٹرز اور ریس کارز شامل ہیں۔ ان کے والد ریلی مقابلوں میں شریک پائلٹ کے طور پر موجود ہوتے ہیں۔ شاؤ زی یان عوامی سڑکوں پر گاڑی نہیں چلاتے، ان کی کارز کو قوانین کے مطابق ٹریلرز کے ذریعے ریس کے مقامات تک پہنچایا جاتا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں