سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے یونیورسٹی روڈ کی تعمیر میں تاخیر پر سندھ حکومت سے تاریخ طلب کر لی ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے یونیورسٹی روڈ کی تعمیر کے حوالے سے سندھ حکومت سے تاریخ طلب کر لی ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو 4 مئی کی سماعت پر جواب دینے کا حکم دیا گیا ہے۔
سندھ ہائی کورٹ میں بی آر ٹی ریڈ لائن لاٹ ٹو کے دفتر سیل کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ سائٹ پر 6 کنٹریکٹرز موجود ہیں، کنٹریکٹ کی صورتحال غیر واضح ہے۔
ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ بی آر ٹی ریڈ لائن لاٹ ٹو کا کنٹریکٹ نوٹس پیریڈ ختم ہونے کے بعد کسی اور کو دیا جائے گا۔ فی الحال ڈرینج اور سڑک کی بحالی کا کام جاری ہے۔
جسٹس نثار احمد بھمبھرو نے ریمارکس دیے کہ یونیورسٹی روڈ کراچی کی مرکزی سڑک ہے، شہریوں کو مسائل کا سامنا ہے۔ اگر یہ کنٹریکٹ کہیں اور ہوتا تو کب کا مکمل ہوچکا ہوتا۔
یاد رہے کہ بی آر ٹی ریڈ لائن کے 16 اسٹیشنز بننے تھے لیکن اب تک صرف ایک اسٹیشن کا ڈیزائن ملا ہے۔ سی ای او ٹرانس کراچی کے مطابق منصوبہ 2028 میں مکمل ہوگا، عدالت نے تاخیر کی وجہ معلوم کرنے کے لئے کمیشن بنانے کی تجویز دی۔














