اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو علاج کے لیے شفا ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو شفا ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیا ہے۔ جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس خادم حسین سومرو نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت کی، جہاں لطیف کھوسہ، سلمان اکرم راجہ و دیگر وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔
لطیف کھوسہ نے عدالت سے درخواست کو کل سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی، جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ پیپر بک تیار ہونے میں دو تین دن لگ سکتے ہیں، تاہم ہسپتال منتقلی کی درخواست پر ریاست کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
عدالت نے کہا کہ مرکزی اپیل آئندہ ہفتے مقرر کی جائے گی اور آئندہ سماعت پر تیاری کے ساتھ آئیں۔ عدالت نے توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت دس مارچ کو مقرر کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔















