پختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کی غیر ملکی شہریوں سے شادی پر پابندی عائد کردی

پختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کی غیر ملکی شہریوں سے شادی پر پابندی عائد کردی ہے، جس کے تحت پیشگی حکومتی اجازت لازمی ہوگی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پختونخوا حکومت، سرکاری ملازمین پر غیر ملکی شادی کی پابندی

پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کی غیر ملکی شہریوں سے شادی پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس فیصلے کے تحت سرکاری ملازمین کو غیر ملکیوں سے شادی کرنے کے لیے حکومت سے پیشگی اجازت لینا لازمی ہوگی۔

نئے قواعد کے مطابق بغیر اجازت شادی کرنے والے ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ نے خیبرپختونخوا سول سرونٹس (غیر ملکی شہری سے شادی پر پابندیاں) رولز 2026 کے تحت یہ اقدام اٹھایا ہے۔

حکومت کی اجازت کے بغیر غیر ملکی شہری سے شادی کرنا مس کنڈکٹ (Misconduct) تصور کیا جائے گا۔ ایسے ملازمین کے خلاف خیبرپختونخوا گورنمنٹ سرونٹس کے ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز 2011 کے تحت کارروائی ہوگی۔

نئے قواعد کے تحت ملازمین کو غیر ملکی شہری سے شادی کے لیے درخواست دینا ہوگی، جو متعلقہ انتظامی محکمے کے ذریعے جمع کرائی جائے گی۔ درخواست کے ساتھ کریکٹر کلیئرنس سرٹیفکیٹ اور حلف نامہ لازمی ہوگا، جس میں غیر قانونی سرگرمیوں کی عدم موجودگی کی تصدیق شامل ہوگی۔

واضح رہے کہ یہ قواعد فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور تمام سرکاری محکموں کو ان پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکومت کو ان قواعد میں نرمی کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔

دیگر متعلقہ خبریں