خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ نے لائیو اسٹاک منیجمنٹ سسٹم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ نظام دیہی معیشت کے لیے اہم ثابت ہوگا۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے لائیو اسٹاک منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا افتتاح کیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک دیہی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، جسے جدید ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ یہ نظام کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچانے اور انہیں بااختیار بنانے میں مددگار ہوگا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس نظام سے لائیو اسٹاک سروس ڈیلیوری میں شفافیت، جوابدہی اور بہتر گورننس یقینی ہوگی۔ یہ لائیو اسٹاک سیکٹر میں اصلاحات کے نئے دور کا آغاز ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نظام کے تحت ٹول فری لائیو اسٹاک ہیلپ لائن قائم ہوگی، جہاں کسان براہ راست ماہرین سے رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔ مویشیوں کی ویکسینیشن، علاج اور افزائش نسل کی سروسز کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ ہوگی۔
مزید بریفنگ میں کہا گیا کہ نظام کے تحت کسان، ویٹرنری اسپتال، موبائل کلینکس اور فیلڈ اسٹاف ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر یکجا ہوں گے۔ پہلی بار جیو ٹیگڈ فارمر اور لائیو اسٹاک کا ڈیٹا بیس تیار ہوگا۔ جانوروں کی شناخت QR کوڈ کے ذریعے ہوگی اور بیماریوں کی نشاندہی کے لیے ریئل ٹائم نگرانی کا نظام فعال ہوگا۔















