جگر کی چربی کم کرنے کے لیے زیتون کا تیل، بیریز، ایوکاڈو، اخروٹ، بروکولی، گرین ٹی اور کافی مفید ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جگر کی چربی کی بیماری غیر صحت مند غذا، زیادہ چکنائی اور غیر فعال طرزِ زندگی کے باعث عام ہوتی جا رہی ہے۔ یہ بیماری جگر کی سوزش، کولیسٹرول میں اضافہ اور دیگر جسمانی مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق اینٹی آکسیڈینٹس، صحت مند چکنائی، فائبر اور بعض سبزیاں جگر کی سوزش کم کرتی ہیں اور فیٹی لیور کے خطرات کو نمایاں طور پر گھٹاتی ہیں۔ زیتون کا تیل، جو صحت مند چکنائی سے بھرپور ہوتا ہے، جگر کی چربی کم کرنے اور کولیسٹرول کو متوازن رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
بیریز جیسے بلیو بیری، رسبیری اور اسٹرابیری اینٹی آکسیڈینٹس سے بھرپور ہیں جو جگر کے خلیات کو نقصان سے بچاتے اور سوزش کو کم کرتے ہیں۔ ایوکاڈو میں موجود صحت مند چکنائی اور فائبر جگر کو زہریلے مادوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔
روزانہ مٹھی بھر اخروٹ کھانے سے جگر کی چربی کی بیماری کو کم کیا جا سکتا ہے جبکہ بروکولی، گوبھی اور بندگوبی زہریلے مادے خارج کرتی ہیں اور جگر کی حفاظت کرتی ہیں۔
گرین ٹی اور کافی میں موجود اینٹی آکسیڈینٹس جگر کی سوزش کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں اور جگر کی صحت کو بہتر بناتے ہیں۔















