اسلام آباد: دودھ میں ملاوٹ کرنے والے رنگے ہاتھوں گرفتار کارخانہ سیل کردیا

اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے ملاوٹی دودھ کا کارخانہ سیل کر دیا اور متعدد افراد کو گرفتار کیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے صحت دشمن عناصر کے خلاف بلا تعطل آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔ ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ رات گئے بڑی کارروائیاں کی ہیں۔

ملاح روڈ بنی گالا کے علاقے میں ملاوٹی دودھ بنانے کا کارخانہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا اور سیل کر دیا گیا۔ چیکنگ کے دوران 15 ہزار لٹر تیار دودھ، 1200 کلوگرام بناسپتی گھی، 2500 کلوگرام سکم ملک پاوڈر اور 5 کلوگرام دوسرے کیمیکل برآمد کیے گئے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ پکڑے گئے ملاوٹی دودھ اور اجزاء کو موقع پر تلف کر دیا گیا ہے۔ اس دوران 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جبکہ دو افراد کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے ارد گرد کے علاقوں میں خوراک سے متعلق کسی بھی کارخانے کی اطلاع دیں۔ ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے کہا کہ وفاق میں معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کا عملی نفاذ کیا گیا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں