گڈانی کے قریب سمندر میں اسمگلنگ کے خلاف کارروائی میں 37 ارب روپے کی منشیات برآمد کی گئی۔
گڈانی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) گڈانی کے قریب سمندر میں اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی میں تقریباً 37 ارب روپے کی منشیات اور غیر ملکی شراب برآمد کی گئی۔ یہ کارروائی پاکستان نیوی، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور کلکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) گڈانی نے مشترکہ طور پر کی، جس کی تصدیق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کی ہے۔
ایف بی آر کے مطابق، 500 کلوگرام آئس (میتھم فیٹامین) اور 3,500 غیر ملکی شراب کی بوتلیں ضبط کی گئیں۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں ان کی مجموعی مالیت تقریباً 13 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر ہے۔
ترجمان ایف بی آر نے بتایا کہ غیر ملکی شراب پاکستان اسمگل کی جا رہی تھی جبکہ منشیات کی کھیپ بین الاقوامی منزل کے لیے روانہ کی جا رہی تھی۔ کارروائی کے بعد ضبط شدہ مال کلکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) گڈانی نے اپنی تحویل میں لے لیا۔
ایف بی آر نے کہا کہ یہ کامیاب کارروائی پاکستان نیوی، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور ایف بی آر کے اسمگلنگ کے خلاف عزم کا ثبوت ہے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان کی سمندری حدود کو اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں سے روکنے کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔















