سندھ کے اسکولوں میں فیشل ریکگنیشن حاضری کا آغاز، اساتذہ کی نگرانی میں اضافہ

سندھ کے سرکاری اسکولوں میں جدید چہرہ شناخت حاضری نظام کا آغاز ہوگیا، جس سے اساتذہ کی حاضری کی مؤثر نگرانی ممکن ہوگی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
سندھ کے اسکولوں میں فیشل ریکگنیشن حاضری کا آغاز، اساتذہ کی نگرانی میں اضافہ

کراچی: (رائیٹ ناؤ نیوز) سندھ کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی چہرہ شناخت حاضری کا آغاز ہوگیا۔ اس نظام کی شروعات صوبے کے 6 اضلاع میں کی گئی ہے، جن میں کراچی ایسٹ، حیدرآباد، نوشہروفیروز، جیکب آباد، گھوٹکی اور عمرکوٹ شامل ہیں۔

اس جدید نظام کے تحت 49 ہزار 565 تدریسی اور نان ٹیچنگ ملازمین کی حاضری چہرہ شناخت ٹیکنالوجی کے ذریعے مانیٹر کی جائے گی۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے یہ پائلٹ مرحلہ شروع کیا ہے تاکہ اسکولوں میں غیر حاضری کو کم کیا جا سکے۔

حکام نے بتایا ہے کہ اساتذہ کسی بھی موبائل فون سے ایپ کے ذریعے اپنی حاضری درج کرسکیں گے۔ انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کی صورت میں حاضری درج کی جائے گی اور انٹرنیٹ بحال ہونے پر خودکار طور پر اپڈیٹ ہو جائے گی۔

یہ نظام اساتذہ کو اپنی حاضری کا ریکارڈ ایپلی کیشن کے ذریعے دیکھنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ ماہانہ ریکارڈ ڈاؤن لوڈ کرنے اور چھٹی کی درخواست آن لائن جمع کروانے کی سہولت بھی موجود ہے۔

یاد رہے کہ اس نظام کے استعمال کے لیے انتظامی افسران، اسکول سربراہان اور اساتذہ کی تربیت مکمل کی جا چکی ہے تاکہ اساتذہ کی حاضری کو مؤثر طریقے سے مانیٹر کیا جا سکے۔

دیگر متعلقہ خبریں