پاکستان اور ایران نے کرکٹ کے فروغ کے لیے باہمی تعاون پر اتفاق کیا ہے، جس کے تحت پاکستانی کوچز ایرانی کرکٹ ٹیموں کو تربیت فراہم کریں گے۔
لاہور: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاکستان اور ایران نے کرکٹ تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ ایرانی کرکٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے لاہور میں پی سی بی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔
اس موقع پر پی سی بی اور ایرانی کرکٹ ایسوسی ایشن کے مابین کرکٹ کے فروغ اور باہمی تعاون پر اہم بات چیت ہوئی۔ دونوں فریقین نے کرکٹ کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
ایرانی وفد نے قذافی اسٹیڈیم، کرکٹ میوزیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا بھی دورہ کیا۔ وفد نے وہاں موجود جدید تربیتی سہولیات کا بھی جائزہ لیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق ایرانی وفد نے پی سی بی کے اہم عہدیداران سے ملاقات کی۔ ملاقات میں کرکٹ کے فروغ کے لیے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یاد رہے کہ پاکستانی کوچز کی طرف سے ایران کی جونیئر اور سینئر کرکٹ ٹیموں کو کوچنگ فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے، اور مستقبل میں باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔













