ایپل کے نام پر نیا فراڈ، صارفین کی تصاویر حذف ہونے کا خطرہ

ایپل کے نام پر ایک نئے فراڈ میں جعلساز صارفین کی تصاویر حذف کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
ایپل کے نام پر نیا فراڈ، صارفین کی تصاویر حذف ہونے کا خطرہ

لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایپل کمپنی کے صارفین کو ایک خطرناک فراڈ کا سامنا ہے، جس میں جعلساز ایپل کے آئی کلاؤڈ سروس کے نام پر جعلی ای میلز بھیج رہے ہیں۔ ان ای میلز کا مقصد صارفین کی بینکنگ اور ذاتی معلومات چرانا ہے۔

برطانوی اخبار کے مطابق، صارفین کو ایپل کی جانب سے پیغامات موصول ہو رہے ہیں، جن میں کہا جاتا ہے کہ ان کا آئی کلاؤڈ اسٹوریج بھر چکا ہے۔ ماہانہ کم از کم 99 پینس ادا کر کے اپ گریڈ کرنے کو کہا جا رہا ہے۔

جعلی ای میلز میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ اگر فوری اپ گریڈ نہ ہوا تو تصاویر اور ویڈیوز حذف کر دی جائیں گی۔ یہ ای میلز صارف کو جعلی ویب سائٹ پر لے جاتی ہیں، جو بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات چرانے کے لیے بنائی گئی ہے۔

یہ فراڈ خطرناک ہے کیونکہ بعض اوقات یہ جعلی ای میلز اصل ایپل پیغامات کے ساتھ ہی آتی ہیں، جس سے فرق کرنا مشکل ہوتا ہے۔ برطانیہ کی صارفین کے حقوق کی تنظیم نے ایپل صارفین کو خبردار کیا ہے۔

واضح رہے کہ اگر کوئی صارف ان لنکس کے ذریعے معلومات فراہم کرے تو جعلساز مزید رقم چرانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایسی ای میلز کو نظر انداز کریں اور کسی لنک پر کلک نہ کریں۔

دیگر متعلقہ خبریں