پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں پہلی بار روبوٹک سرجری کا آغاز کیا گیا، جس سے مریضوں کو اب بعض بیماریوں کے لیے دوسرے شہروں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں پہلی بار روبوٹک سرجری کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس نئے طریقہ علاج کے تحت مریضوں کو بعض بیماریوں کے لیے دوسرے شہروں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔
پہلی روبوٹک سرجریز ورکشاپ ایل آر ایچ کے یورولوجی یونٹ اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والے سینئر ڈاکٹروں کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے بتایا کہ روبوٹکس سرجری ایک جدید طریقہ علاج ہے جس میں ڈاکٹروں کو ایک جدید روبوٹک سسٹم کی مدد حاصل ہوتی ہے۔
یہ سسٹم باریک آلات اور ہائی ڈیفینیشن کیمروں کے ذریعے جسم کے اندرونی حصوں کو واضح انداز میں دکھاتا ہے۔ اس جدید ٹیکنالوجی کے لیے ڈاکٹروں کو خصوصی تربیت دی جاتی ہے تاکہ پیچیدہ آپریشنز زیادہ درستگی سے کیے جا سکیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طریقہ علاج سے مریضوں کو کم زخم، کم خون کا ضیاع اور انفیکشن کے کم امکانات ہوتے ہیں، جبکہ تیزی سے بحالی ممکن ہوتی ہے۔ ورکشاپ کو بڑی کامیابی قرار دیا گیا ہے جس میں ایل آر ایچ انتظامیہ کی بھرپور سپورٹ حاصل رہی۔
واضح رہے کہ روبوٹک سرجری کے ذریعے بڑے آپریشنز کو نہ صرف آسان بنایا جاتا ہے بلکہ ان کے نتائج پرانے طریقہ علاج سے بہتر ہوتے ہیں۔















