وزیراعظم شہباز شریف نے چینی سفیر سے ملاقات میں سی پیک 2 پر کام تیز کرنے پر اتفاق کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ سے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں اہم ملاقات کی۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ موجود تھے۔ ملاقات میں وزیراعظم نے چینی قیادت کو ‘ٹو سیشنز’ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کیانگ اور وزیر خارجہ وانگ یی کا یوم پاکستان کی مبارکباد دینے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے زراعت، صنعتی تعاون اور بنیادی ڈھانچے کے تحت سی پیک 2 کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کی اقتصادی استقامت اور اصلاحات کی کوششوں کو سراہا۔ دونوں ممالک کے درمیان جاری ملاقاتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 75 ویں سالگرہ پر رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی صورتحال پر کشیدگی میں کمی کے لئے پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا اور پائیدار پاک چین سٹریٹجک پارٹنرشپ کا اعادہ کیا۔















