بیجنگ میں پاکستان کے سفارتخانے میں سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر خصوصی تقریب منعقد کی گئی، سفیر خلیل ہاشمی نے پاک چین تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
بیجنگ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بیجنگ میں پاکستان کے سفارتخانے نے چین کے ساتھ سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے سلسلے میں خصوصی تقریب منعقد کی۔ اس تقریب کا انعقاد سلک روڈ سٹیز الائنس، جن شینگ گروپ اور ڈبلیو ٹی ایل ڈیزائن کے تعاون سے کیا گیا۔
اس تقریب میں سفارتخانے کی چانسری عمارت میں موسیقی کی براہ راست پرفارمنس، چانسری کی تزئین و مرمت پر مبنی ویڈیو اور شجرکاری شامل تھی۔ تقریب میں سفارتی حلقوں، میڈیا اور دانشور طبقے سے تعلق رکھنے والے بڑی تعداد میں مہمانوں نے شرکت کی۔
پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ چانسری کی تزئین و مرمت اور شجرکاری تجدید، تسلسل اور مستقبل پر اعتماد کی عکاس ہیں۔ یہ اقدامات پاک چین تعلقات کی نمائندگی کرتے ہیں جو 75 برس سے مضبوط ہیں۔
سفیر نے مزید کہا کہ نئی چانسری عمارت کی بہتری نہیں بلکہ پاکستان کے ثقافتی ورثے اور جدید طرزِ تعمیر کا امتزاج ہے۔ شجرکاری مستقبل کی نسلوں سے وابستگی اور ماحول دوست سوچ کی علامت ہے، جو دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ 2026 میں مکمل ہو رہی ہے، جس کی مناسبت سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ تقریب بھی اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے۔











