ایران نے آبنائے ہرمز میں بھارتی آئل ٹینکرز کو روک دیا، خطے میں کشیدگی بڑھ گئی۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران کی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بھارتی تیل بردار بحری جہازوں کو روک دیا ہے۔ ان جہازوں پر تقریباً 20 لاکھ بیرل عراقی تیل لدا ہوا تھا۔
عرب میڈیا کے مطابق، ایرانی گن بوٹس نے آئل ٹینکرز کو روکنے کے دوران فائرنگ بھی کی، جس سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ اقدام امریکی ناکہ بندی کے جواب میں کیا گیا ہے، جسے ایران نے اپنی بندرگاہوں پر غیر قانونی بحری دباؤ قرار دیا ہے۔
ایرانی بیان کے مطابق، آبنائے ہرمز کی نگرانی اور انتظامی کنٹرول ایرانی افواج کے پاس ہے اور جب تک امریکی پابندیاں ختم نہیں ہوتیں، بحری آمدورفت پر سخت کنٹرول رہے گا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی جاری رکھنے کے بیان کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی ترسیل پر خدشات بڑھ گئے ہیں۔














